نوازشریف وزیراعظم ہیں، بادشاہ نہ بنیں: آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری نے تحریک انصاف کے مطالبے کی حمایت کر دی۔ کہتے ہیں نواز شریف چار حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے خوف زدہ کیوں ہیں۔ عوام نے انہیں وزیراعظم منتخب کیا ہے بادشاہت کے لئے نہیں۔

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کرانے میں کیا حرج ہے۔ نواز شریف دوبارہ گنتی سے کیوں خوفزدہ ہیں؟۔ دوبارہ گنتی ہونی چاہئیے وہ پنجاب میں و یا سندھ میں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات کے نتائج جمہوریت کی بقاء کے لئے تسلیم کئے۔ نواز شریف کو بادشاہ قرار دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ عوام نے انہیں وزیراعظم کے لئے منتخب کیا ہے، بادشاہت کے لئے نہیں، وہ بادشاہ نہ بنیں۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو دوسرے صوبوں میں دخل اندازی کے لئے وزیراعظم نہیں بنایا گیا۔ سابق صدر نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی دور میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کرنے والے موجودہ حکمران بتائیں کہ ایک سال میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے کیا کارنامہ انجام دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں