عمران خان سے کسی کی ملاقات نہ ہوسکی ،عدالتی فیصلے بے معنی :تحریک انصاف
راولپنڈی ، اسلام آباد (خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے )بانی پی ٹی آئی سے فرینڈز میٹنگ ڈے پر کوئی ملاقات نہ ہو سکی ۔ پی ٹی آئی کا وفد ملاقات کا وقت ختم ہونے پر جیل سے روانہ ہو گیا۔
ملاقات کے لئے عمر ایوب ، شبلی فراز ،عالیہ حمزہ ،نیاز اللہ نیازی ،مبشر مقصود اعوان ، وکلا طارق نون، علی عمران شہزاد ،راحیل خان نیازی اور دیگر اڈیالہ جیل پہنچے تھے ۔ فہرست میں صاحبزادہ حامد رضا اور بیرسٹر گوہر کا نام بھی موجود تھا تاہم وہ جیل نہیں پہنچے ۔ تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے بے معنی ہیں ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہمیں عدالتی حکم کے باوجود بانی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی ۔پتہ نہیں کس کے کہنے پر ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔بانی کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دے گئی۔ہم کیسی مملکت اسلامی پاکستان میں رہ رہے ہیں ۔ جہاں بانی کو عید کی نماز نہ پڑھنے دی تو پیچھے کیا چیز رہ جاتی ہے ،اس سے بڑی بے غیرتی نہیں ہو سکتی ۔یہ بار بار توہین عدالت کر رہے ہیں،امید کرتے ہیں جج صاحبان اپنے احکامات پر عملدرآمد کروائیں ۔اگر ججز اپنے احکامات پر عمل درآمد نہ کروا سکے تو بہتر ہے استعفیٰ دیکر کر گھر چلے جائیں۔
شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمیں دوسری مرتبہ ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اس سے ظاہر ہوتا ہے عدالتی فیصلے کوئی معنی نہیں رکھتے ۔کوئی ملک جہاں عدالتی فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھا جائے وہ ملک نہیں کہلا سکتا۔ہماری ملاقات نہ کروانا عدالت کے فیصلے کی کھلم کھلا توہین ہے ۔ تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ شرم کا مقام ہے کہ منتخب وزیر اعظم سے بدترین سلوک کیا جا رہا ہے ۔ہمارے وزیر اعظم کو انکی بہنوں سے نہیں ملنے دیا،بچوں سے نہیں ملنے دیا،اہلیہ سے نہیں ملنے دیا ۔باسی کھانا دے رہے ہیں،ٹی وی اخبار نہیں دے رہے ۔
ان کا کہنا تھا بلوچستان میں جو ظلم ماہ رنگ اور خواتین کو پکڑ کر کیا گیا ہم کسی کو بھولنے نہیں دیں گے ۔فوکل پرسن بانی پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے کہاہے کہ آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کے آرڈر کو تیسری مرتبہ وائیلیٹ کیا گیا ۔ہم 11بجے سے جیل کے باہر موجود ہیں،ہم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے ،ایک نئی درخواست بھی دائر کریں گے ۔ ترجمان پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے بجلی سستی کرنے کے اعلان پر کہا ہے کہ مینڈیٹ چور وزیراعظم کی گفتگو جاہلانہ اور جھوٹ کا پلندہ ہے ، مہنگائی کو کم کرنے اور معیشت بچانے کا جھوٹ ہانکنے والا بجلی کی فی یونٹ قیمت کو اپریل 2022 کی سطح پر لا کر دکھائے جہاں سے اس نے اقتدار عوام سے چھینا۔
تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سترہ نشستوں کے ساتھ وزارت عظمی پر قابض ہونے والے شخص کا تین سالہ دور اقتدار ملکی تاریخ کا تاریک ترین دور ہے ، نالائقوں، نااہلوں اور مجرم پیشہ افراد پر مشتمل اس ناجائز حکومت کے تحفظ کیلئے آئین، قانون اور جمہوریت کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں کے لارجر بینچ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے سلمان اکرم راجہ ، شعیب شاہین و دیگر وکلا کے ذریعے دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا کہ 24 مارچ کو لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا فیصلہ دیا،فیصلے کے مطابق منگل اور جمعرات ملاقات کرانا ضروری ہے ،جیل حکام کی جانب سے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت جیل حکام و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے ۔ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما رئوف حسن کیخلاف سوشل میڈیا اداروں کیخلاف پروپیگنڈا کیس میں چالان پیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی کردی۔