جنوری،فروری میں ٹریکٹرز کی فروخت کم ترین سطح پر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)الغازی ٹریکٹرز پاکستان کے سی ای او ثاقب الطاف نے ملک کی ٹریکٹر انڈسٹری میں تباہ کن گراوٹ کو اجاگر کیا ہے جس کی فروخت 8 سال کی اوسط سے 63 فیصد کم ہے ۔
ایک انٹرویو کے دوران ثاقب الطاف نے اس بحران کو معاشی عدم استحکام، ناقابلِ برداشت ٹیکسیشن، اور مربوط زرعی میکانائزیشن حکمت عملی کے فقدان سے جوڑا اور پاکستان کی زرعی معیشت پر سنگین اثرات سے خبردار کیا۔حالیہ مہینوں میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ٹریکٹروں کی فروخت روایتی طور پر عروج کے مہینوں میں تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ ثاقب الطاف نے کہا کہ جنوری اور فروری 2025 میں فروخت اپنی کم ترین سطح پر رہی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 43 فیصد کم ہے ، اگر پنجاب کے گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت تاخیر سے ہونے والی ڈلیوریز کو ایڈجسٹ کیا جائے تو حقیقی کمی 63 فیصد بنتی ہے ۔