فیصل آباد ایئرپورٹ پر کروڑوں کے ٹھیکے قواعد و ضوابط کیخلاف دینے کا انکشاف
فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کے ٹھیکے مبینہ طور پر قوائد و ضوابط کے خلاف دیئے جانے کا انکشاف، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بلیک لسٹ فرم کو نوازنے کیلئے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں، صفائی ستھرائی سمیت دیگرمعاہدوں میں بڑی بے ضابطگیاں بے نقاب ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004ء کے قوانین کو ہوا میں اڑاتے ہوئے من پسند ٹھیکہ کمپنیوں کو نوازنے کی حد کردی گئی ۔ دستاویزات کے مطابق ایئرپورٹ پر صفائی ستھرائی کیلئے او پی ایل نامی کمپنی کو 15 کروڑ 22 لاکھ روپے میں ٹھیکہ دیا گیا جو طے شدہ حد سے 54 اعشاریہ 91 فیصد زائد تھا جبکہ اس سے قبل 11 کروڑ 53 لاکھ کی بولی کو مقررہ حد سے زائد قرار دیکر مسترد کردیا گیا تھا۔ سول ورک کے تحت تعمیر و مرمت اور سہولیات کا ٹھیکہ 3 کروڑ 38 لاکھ میں سرمک نامی کمپنی کو دیا گیا جو ٹینڈر کے ابتدائی مراحل میں نااہل قرار دی جا چکی تھی۔ انتظامیہ نے آپریشن اینڈ مینٹینینس اور موٹر ٹرانسپورٹ کا ٹھیکہ بھی امکوٹس وائولرنامی فرم کے نام کردیا جو نااہل تھی۔ ایئرپورٹ مینجر نے سال 2022 ئتا 23ء کے دوران ڈیڑھ کروڑ کا مرمتی کام بغیر ٹینڈر کے کروایا۔ مجموعی طور پر 29 کروڑ 40 لاکھ کی بے ضابطگیوں کا پردہ چاک ہونے پر متعلقہ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹھیکوں کو قوائد و ضوابط کے مطابق قرار دینے کی کوشش کی جسے آڈٹ رپورٹ میں مسترد کر دیا گیا ۔ دوسری جانب مینجر ائیرپورٹ تسنیم اختر کا کہنا ہے کہ کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ۔