رانا ثناء سے نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بارفیصل آباد کی ملاقات
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خاں سے فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار کے نو منتخب صدر رائے سیف الرحمن بھٹی کی ملاقات،رانا ثناء اللہ نے انہیں ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ۔
مسلم لیگ ن کے پبلک سیکرٹریٹ میں ہونیوالی ملاقات کے دوران فیصل آباد ڈسڑکٹ بار کے سابق صدر رانا علی عباس خاں ،میاں ضیائالرحمٰن، طارق جانباز،آصف بٹ،رانا منیر احمد، شیخ عمیر ببر اور دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ وکلاء برادری ہمیشہ جمہوری طریقے سے اپنے عہدیداران کا انتخاب کرتی ہے فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار سمیت ملک کی تمام بارز اور وکلاء تنظیموں نے ہمیشہ موثر کردار سے ملکی بقاء،وقار اور عدلیہ کے استحکام کو ترجیح دی ہے ،وفاقی حکومت آزاد عدلیہ اور عام آدمی کو انصاف کی فوری فراہمی پر مکمل یقین رکھتی ہے ،عدلیہ اور وکلاء ملک کا اہم ترین ستون ہیں۔نو منتخب صدر رائے سیف الرحمن بھٹی نے کہا کہ بار کی نو منتخب کابینہ اور تمام وکلاء برادری کے حقوق کے تحفظ اور بار کی فلاح بہبود کے لیے منظم طریقے سے کام کریں گے بار سمیت وکلاء کودرپیش مسائل کو احسن طریقہ سے حل کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ، حکومت کو بھی عدلیہ سمیت دیگر شعبوں میں درپیش مسائل کے حل کے لیے اچھی تجاویز دیتی رہے گی۔