ضلع کونسل چوک میں مزدور تنظیموں کے اشتراک سے سیمینار
کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کرنے ،جبری برطرفیوں کے خاتمے کا مطالبہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عالمی یوم مزدور کے موقع پر ضلع کونسل چوک میں مختلف مزدور تنظیموں کے اشتراک سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں شہر کی متعدد یونینز نے شرکت کی۔سیمینار میں آل پاکستان یونائیٹڈ ایریگیشن ایمپلائز یونین، پاور لومز ورکرز یونین، ریلوے یونین، بھٹہ ورکرز یونین، لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین، ہوم بیسڈ ورکرز اتحاد، ریڑھی چھابڑی ورکرز یونین اور ہوزری پاور لومز ورکرز فرنٹ شامل تھیں۔سیمینار کی صدارت محمد یاسین انقلابی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی چودھری نواز گل تھے۔
اس موقع پر معروف دانشور ڈاکٹر مصدق حسین نے شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی محنت کش طبقہ مہنگائی اور کم اجرت جیسے مسائل کا شکار ہے ۔مقررین نے مختلف شعبوں کے مسائل اجاگر کیے ، جن میں لیڈی ہیلتھ ورکرز، ہوم بیسڈ خواتین مزدور، پاور لومز، بھٹہ مزدور، ریلوے ملازمین اور ریڑھی چھابڑی ورکرز کے مسائل شامل تھے ۔سیمینار کے اختتام پر مشترکہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کرنے ، سوشل سکیورٹی اور EOBI سہولیات ہر مزدور تک پہنچانے اور جبری برطرفیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔