انسداد پولیو مہم پیرسے شروع ،27لاکھ بچوں کاہدف

انسداد پولیو مہم پیرسے شروع ،27لاکھ بچوں کاہدف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت ان کے دفتر میں انسداد پولیو کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ای او سی کوآرڈینٹر ارشاد سوڈھر ڈپٹی کمشنرز ڈبیلو ایچ او یونیسف اور محکمہ صحت کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ دفترمیں ایڈیشنل کمشنر غلام مہدی شاہ ، کمشنرکراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈی نیٹر سعود یعقوب اسسٹنٹ کمشنر رابعہ سید اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں انسداد پولیو مہم 9 ستمبر سے شروع ہو گی، مہم میں27 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ حساس یونین کونسلوں میں ترجیحی کوششیں کی جائیں کمیونٹی کے لوگوں کا تعاون حاصل کرنے کے لئے ان سے رابطہ رکھا جائے ۔اجلاس میں مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیاگیا ۔کمشنر نے کہا کہ یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یقینی بنائیں کہ حساس یونین کونسل کے ہر بچہ کی ویکسی نیشن ہو۔ اجلاس میں بتا یا گیا کہ گجرو کے بچوں کی ویکسی نیشن کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ،یہاں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ایمرجنسی رسپانس یونٹ قائم کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں