بارش سے نقصانات :پی پی کے بلدیاتی نمائندوں سے رپورٹ طلب
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) پی پی ضلع میرپورخاص کے جنرل سیکرٹری اور وزیراعلی ٰ سندھ کے معاون خصوصی جنید بلند نے مونسپل کارپوریشن کے منتخب عوامی نمائندوں کا اجلاس اپنی رہائشگاہ پر طلب کیا۔
اجلاس میں میئر میرپورخاص عبدالرؤوف غوری،ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ ،ٹاؤن مونسپل کارپوریشن سید خادم علی شاہ کے چیئرمین سید شازل شاہ سمیت 18 یونین کونسل کے چیئرمینوں ممتاز جھنڈیر،حنیف میمن،حاجی محمد علی، عبدالرزاق ہاشمانی ،حاجن پھنور، میر عبید تالپور سمیت دیگر چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں سمیت مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں جنید بلند نے حالیہ بارشوں کے دوران شہر و مضافات میں ہونے والے نقصانات اور پانی کی نکاسی کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ اس موقع پر جنید بلند نے تمام یوسی چیئرمینوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے علاقوں میں رہیں اور صفائی ستھرائی سمیت پانی کی نکاسی کے کام کی نگرانی کرتے ہوئے اسے یقینی بنائیں کیونکہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔