جامعہ بنوریہ عالمیہ میں سندھ امن کمیٹی کا اہم اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ امن کمیٹی کا اہم اجلاس جامعہ بنوریہ عالمیہ میں رئیسِ جامعہ و صوبائی کوآرڈینیٹر سندھ امن کمیٹی ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر، مذاہب اور طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں دینی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں مفتی ابو بکر محی الدین، مفتی رفیع الرحمن نورانی، مولانا نذیر احمد نعیمی، مفتی یحییٰ مجید، علامہ سید اطہر حسین، علامہ سید اسد اقبال زیدی، آرچ بشپ بینی ماریو تراوس، سردار رمیش سنگھ خالصہ، گوسوامی وجے کمار مہاراج سمیت سندھ امن کمیٹی کے اراکین شریک تھے ۔مفتی نعمان نعیم نے کمیٹی کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پائیدار امن، مذہبی رواداری اور استحکام کے لیے تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے سندھ امن کمیٹی اس پیغام کو صوبے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کی تشکیل، ضلعی سطح پر تنظیم سازی پر غور کیا گیا۔