گرانفروشوں پر 7 لاکھ 54ہزار روپے جرمانہ
دو روز میں 290 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی ،تین دکانیں سربمہر اسسٹنٹ کمشنرز نے کی نگرانی میں سرکاری نرخوں پر فروٹس اور سبزیوں کا آکشن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ نے فروٹس اور سبزیوں کے سرکار ی نرخوں کے سختی سے نفاذ کے لئے مہم جاری ہے کمشنر کراچی آفس نے گراں فروشوں کے خلاف دو روزکی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق دو روز میں 290 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 7 لاکھ 54ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ تین دکانیں سیل کی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ز نے 132 مقامات پر سرکاری نرخ پر نیلامی کے زریعے اشیا فروخت کی گئیں۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے سب ڈویژن میں سرکاری نرخوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے اپنی نگرانی میں سرکاری نرخوں پر فروٹس اور سبزیون کا آکشن کرایا۔ جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ سرکاری نرخ پر اشیا کی نیلامی کا سلسلہ جاری رکھیں اور زیادہ سے زیادہ مقامات پر نیلامی کے ذریعے اشیا کی فروخت کو یقینی بنائیں۔ ۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا رعایت کارروائی کریں یقینی بنائیں سرکاری نرخ سختی سے نافذ ہوں۔کمشنر کراچی آفس نے گزشتہ دو روز میں منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کی ہے رپورٹ کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے امتحانی مراکز کے معائنہ اور تجاوزات کے خاتمہ کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ اشیاء خور ونوش کی قیمتیں بھی چیک کیں۔