گھریلو تنازع پر بہنوئی نے کم عمر سالی کو قتل کردیا

 گھریلو تنازع پر بہنوئی نے کم عمر سالی کو قتل کردیا

والدہ زخمی، ملزم فرار، پولیس نے شواہد جمع کر کے تلاش شروع کردی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرقائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن یار محمد گوٹھ میں مبینہ گھریلو تنازع پر بہنوئی نے تیز دھار آلے کے وار سے کم سن سالی کو قتل جب کہ ساس کو شدید زخمی کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق افسوسناک واقعہ گھر کے اندر پیش آیا جہاں حملے کے نتیجے میں نوعمر لڑکی موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔ مقتولہ کی لاش اور زخمی والدہ کو جناح اسپتال منتقل کیا گیاجہاں مقتولہ کی شناخت 13 سالہ اقرا عبدالکریم اور زخمی خاتون کی شناخت 47 سالہ ارباب زادی کے نام سے کی گئی۔

اسپتال میں زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جہاںان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ممتاز مروت نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گھریلو تنازع پر بہنوئی غلام محمد نے تیز دھار آلے کے وار کیے جس کے باعث کم سن سالی اقرا موقع پر جاں بحق ہوئی جب کہ ان کی والدہ زخمی ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں جب کہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں