میٹرو بس،ٹرین میں بھی بھکاریوں کی بھرمار،مسافر پریشان

لاہور (شیخ زین العابدین) صوبائی دارالحکومت کی میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں بھکاریوں کی بھرمار ہونے سے مسافروں کی مشکلات بڑھ گئیں،مسافروں کی مسلسل شکایات پر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ایکشن لے لیا۔
اتھارٹی کی جانب سے نیا سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا جس کے تحت ہر میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شاہدرہ سے گجومتہ اور علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجراں تک چلنے والی بسوں اور ٹرینوں میں اب ہر سٹاپ پر درجنوں بھکاری سوار ہو کر مسافروں سے رقم مانگنے لگے ہیں۔مسافروں کی شکایات کے مطابق بھکاری صرف رقم مانگنے تک محدود نہیں بلکہ انکار کی صورت میں بدتمیزی یا بار بار اصرار کرتے ہیں، جس سے سفری ماحول متاثر ہو رہا ہے ۔ کئی خواتین اور بزرگ مسافر خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں۔ اب سکیورٹی اہلکار نہ صرف بھکاریوں کو بسوں اور ٹرینوں میں داخل ہونے سے روکیں گے بلکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ان کی سرگرمیوں کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔