سری لنکا کیساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے: وزیراعظم

تجارت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سری لنکا آزادانہ تجارتی معاہدہ(ایف ٹی اے) کو بروئے کار لاتے ہوئے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا کے وزیر تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردھنا اور ریاستی وزیربرائے علاقائی تعاون تھراکا بالاسوریا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم ہاوس میں عمران خان سے ملاقات کی۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر گناوردھنا اور بالسوریا سری لنکا کے ایک تجارتی وفد کے ہمراہ اس وقت 20 سے 27 جنوری 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سری لنکا ایف ٹی اے کو بروئے کار لاتے ہوئے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط ثقافتی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سری لنکن وفد کی توجہ پاکستان کے تاریخی بدھ مت ثقافتی ورثے کی طرف دلائی اوراس توقع کا اظہار کیا کہ سری لنکن شہری بڑی تعداد میں مذہبی سیاحت کے لیے پاکستان آئیں گے۔

ڈاکٹر بندولا گنا وردھنے نے سری لنکا کےلئے گرم جوشی اور خیر سگالی جذبات کا اظہار کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارت، آئی سی ٹی، فارماسیوٹیکل، معدنیات، ٹیکسٹائل، تعلیم، دفاع، سیاحت، انسانی وسائل کی ترقی کے مختلف شعبوں میں بزنس ٹو بزنس رابطوں، مشترکہ منصوبوں، اعلیٰ صلاحیتوں کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں