پنجاب حکومت کا کسانوں سے گندم نہ خریدنے کا اقدام چیلنج

لاہور: (دنیانیوز) پنجاب حکومت کا کسانوں سے گندم نہ خریدنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے گندم نہ خریدنے کے اقدام کیخلاف درخواست فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کسانوں سے گندم سرکاری قیمت پر خریدنے کی پابند ہے، حکومت نے 3900 روپے فی من گندم خریداری کیلئے پالیسی جاری کی، حکومت نے 22 اپریل سے کسانوں سے گندم کی خریداری شروع کرنا تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اپنی پالیسی کے مطابق کسانوں سے گندم کی خریداری شروع نہیں کی، بارشوں کی وجہ سے کسان سستے داموں فصل گندم مافیاز کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں ،سرکاری قیمت پر گندم کی خریداری نہ کر کے کسانوں کے بنیادی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔

درخواستگزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت حکومت کو کسانوں سے گندم کی خریداری کا حکم دے اور گندم مافیاز کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کرے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں