شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس: تاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی سفارش

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہےکہ تاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی۔

وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں چینی کے سٹاک کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوار ایڈوائزری بورڈ نےتاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی، اپنے اعلامیہ میں بورڈ نے کہا کہ تاجکستان کو چینی کی برآمد گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کی سطح پرہوگی۔

دوسری جانب اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت وپیدوار رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے گنے کے باقی کاشتکاروں کو بقایا جات کی ادائیگی جلد کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ چینی کی ریٹیل قیمت کو کنٹرول کرے گی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت چینی کا 28 لاکھ میٹرک ٹن سٹاک موجود ہے، ملک میں اس وقت سر پلس چینی موجود ہے، ایف بی آر اور کین کمشنرز ملک میں چینی کے سٹاک کی دستیابی کو دوبارہ چیک کریں گے۔

حکام کا اپنی بریفنگ میں مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر اور کین کمشنر شوگر ایڈوائزری بورڈ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے، اضافی چینی برآمد کرنے کا فیصلہ رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں