بلوچستان حکومت کا پاسپورٹ کے اخراجات سرکاری طور پر ادا کرنے کا حکم
کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت کی جانب سے پاسپورٹ کے اخراجات سرکاری طور پر ادا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر پاک افغان سرحدی علاقوں میں کام کرنے والے محنت کش افراد کے پاسپورٹ کے اخراجات سرکاری طور پر ادا کئے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان پاک افغان بارڈ ایریا چمن بارڈر پر کام کرنے والے محنت کش کے پاسپورٹ کے تمام تر اخراجات کی ادائیگی کرے گی جبکہ صوبائی حکومت نے یہ اقدام مقامی سطح پر تجارتی آمد و رفت کو سہل و قانونی بنانے کے لئے اٹھایا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلو چستان کے فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، صوبائی حکومت کو پاک افغان بارڈ ایریا کے مقامی افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔
ترجمان شاہد رند کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بارڈر پر کام کرنے والے محنت کش افراد کیلئے آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔