پاکستان، افغانستان آزاد تجارت کے خواہش مند ہیں:بابر سلیم سواتی

پشاور:(دنیا نیوز) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ آزاد تجارت کے خواہش مند ہیں۔

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے قونصل جنرل افغانستان حافظ محب اللہ کی سپیکر چیمبر میں پشاور میں ملاقات ہوئی، صوبائی وزیر نذیر عباسی، ایم پی اے احمد کریم کنڈی، عارف احمد زئی، سیکرٹری اسمبلی اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھی، ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دوران ملاقات سپیکرپختونخوا اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی عوام ایک عرصے سے ایک دوسرے کے قریب ہیں، دونوں ممالک آزاد تجارت کے خواہش مند ہیں، ہم مل کر اسے ممکن بنا سکتے ہیں، دونوں ممالک کی حکومتی پالیسوں سے ہٹ کر ہم عوامی سطح پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، میں اس بات کا ہمیشہ حامی رہا کہ جس کی پیدائش پاکستان میں ہوئی اسے پاکستانی شہریت ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صو بے میں دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے فروغ کے لیے ہم اپنی قانونی حد میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے، پاکستان اور افغانستان کی عوام میں کچھ عناصر نفرتیں پیدا کرنے میں سر گرم ہیں، ہم نے دونوں ممالک کے لوگوں میں مثبت پیغام پہنچانا ہے تاکہ اس خطے کے دو اہم ممالک ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں۔

بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے تعلق کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے، ہم ایک نبی کی امت ہو کر ایک دوسرے سے دور نہیں ہو سکتے، اس خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی عوام میں نفرتیں پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

آخر میں افغانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑ ے تھے، کھڑے ہیں اور رہیں گے،ہم پاکستان کے ساتھ ہمیشہ سے اچھے برادرانہ تعلقات کے حامی ہیں، پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دونوں ممالک میں وسیع تجارتی سرگرمیاں نہ صرف پاک افغان کی عوام بلکہ خطے کے لیے فائدہ مند ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں