معاشی ترقی کی سمت درست کرنے کی بنیاد رکھ دی، ملک مضبوط ہوگا: وزیر خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم نے معیشت کی سمت درست کرنے کی بنیاد رکھ دی، اب ملک اقتصادی طور پر مضبوط ہو گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صوبائی سطح پر زرعی انکم ٹیکس کے حوالے سے قانون سازی جنوری 2025 میں کی جائے گی اور ٹیکس وصولی یکم جولائی 2025 سے شروع ہو گی اور اس حوالے سے ٹائم لائن پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے چھوٹے کسانوں کو ٹیکس چھوٹ دیں، زراعت وفاقی نہیں صوبائی شعبہ ہے، وزیر اعلیٰ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اتفاق کیا کہ زرعی شعبے سے متعلق قانون سازی کی جائے گی تا کہ اس شعبے کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جو چیزیں 75 سال سے نہیں ہوئیں، اب ہم وہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بہت کم ہے اسے بڑھانا بے حد ضروری ہے، اس کے لیے جامع اصلاحات کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھا کر اضافی ریونیو اکٹھا کیا جائے گا اور مقامی وسائل میں اضافے سے تنخواہ دار طبقے سمیت دیگر طبقات کو ریلیف دیں گے، صوبوں کے ساتھ نیشنل فنانس پیکٹ پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی سمت درست کرنے کیلئے بنیادرکھ دی گئی ہے جس کے اثرات بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، اقتصادی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں