پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کا دائرہ کار وسیع، پورٹ قاسم اور ریکوڈک کمپنی سے معاہدے
کراچی: (حمزہ گیلانی) پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل نے اپنے دائرۂ کار کو وسیع کرتے ہوئے پورٹ قاسم اتھارٹی اور ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ نئے معاہدے کر لئے ہیں۔
معاہدوں کی تفصیلات سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
جاری خط کے مطابق ریکوڈک مائننگ کمپنی سے معاہدے کے بعد پی آئی بی ٹی سونے اور تانبے کے کنسنٹریٹ کی ہینڈلنگ، سٹوریج اور برآمد کی سہولیات فراہم کرے گا، ریکوڈک کمپنی کے ساتھ کارگو کنسنٹریٹ کے لئے نیا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
خط میں بتایا گیا کہ ریکوڈک کمپنی سے معاہدے کے بعد پورٹ قاسم اتھارٹی کے ساتھ بھی سپلیمنٹری امپلی مینٹیشن ایگریمنٹ پر دستخط کئے گئے ہیں، معاہدے کے نتیجے میں ریکوڈک سے معدنیات کی برآمد کیلئے پی آئی بی ٹی کو اضافی مراعات اور خصوصی حقوق حاصل ہوگئے ہیں۔
پی آئی بی ٹی انتظامیہ کے مطابق ان معاہدوں سے نہ صرف کمپنی کے کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی برآمدات اور بندرگاہی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔