ریڈیو پاکستان حملہ کیس: عدالت کا ملزمان کی شناخت کیلئے نادرا سے تصدیق کا حکم
پشاور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور پر ہونے والے حملے میں ملوث عناصر کی شناخت کی درخواست منظور کرتے ہوئے مختصر حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ واقعے سے متعلق ویڈیوز اور دیگر ریکارڈ کی تصدیق کے لئے مواد نادرا کو بھجوایا جائے۔
حکم نامے کے مطابق تفتیشی افسر واقعے کا مکمل ریکارڈ اور مبینہ ملزمان کی شناخت نادرا سے تصدیق کرائے گا اور 10 فروری تک اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا۔
سماعت کے دوران مقدمہ کے وکیل شبیر حسین ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کو مشتعل مظاہرین نے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا، عمارت کو آگ لگائی گئی اور سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا، ملزمان نے چاغی کی یادگار کو بھی نذرِ آتش کیا۔
مدعی وکیل نے مزید بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد ارکانِ اسمبلی اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے، وکیل کی جانب سے اصل ملزمان کی شناخت اور تصدیق نادرا سے کرانے اور واقعے کی ویڈیوز کا فرانزک پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے کرانے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ تمام ریکارڈ نادرا سے تصدیق کروا کر مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کی جائے۔