بدقسمتی سے ترغر میں پی ٹی آئی دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا: کیپٹن(ر)صفدر
لاہور:(دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ترغر میں پی ٹی آئی دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔
صوبائی دارالحکومت کے لبرٹی چوک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کا انتہائی پسماندہ ضلع ترغر ہے،مشکل حالات میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف وہاں گئے جو کہ فاٹا کنٹرولڈ تھا اسے سیٹل علاقے میں لے کر آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ معاہدہ کیا کہ آپ کو مراعت دی جائیں گی، ہم آپ لوگوں کے پاس آئے مگر ہمیں، دس ارب روپے کا پیکیج دیا گیا، دس ارب روپے کا صرف پل بنا، وزیراعظم سے درخواست کی کہ اِسے سی پیک کے ساتھ ملائیں۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ چھ ارب کی لاگت سے دانش سکول دیا، دو لڑکیوں کے سکول دیے،ایک وقت تھا کہ ترقی شروع ہو چکی تھی مگر بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت کی وجہ سے وہاں کام نہیں ہوسکے، ترغر کی خدمت جنت کا راستہ ہے، وہاں ہم نواز شریف کو لے کر گئے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ میں نے مسجدوں میں سو کر ترغر کے مسائل تلاش کیے اور شہباز شریف کو بتائے مگر ترغر میری سوچ کے ساتھ نہیں چلا، نواز شریف تو آج سب کچھ کیا، مگر ترغر کے لوگوں نے کیا کیا، ایک سو کلومیٹر جھیل ترغر کے اندر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ کرپشن کرنے پر وہاں کے کرپٹ لوگوں کو پکڑا مگر آپ لوگوں نے پھر اسی کرپٹ بندے کو ووٹ دیا، ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک سے آنے والی امداد بھی کالا ڈھاکہ کو دی گئی، ایشیائی بینک سے سب سے پسماندہ ضلع بھی ترغر کو نامزد کروایا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں کب تک آپ کے لیے ٹکریں پہاڑوں کے ساتھ ماروں ، اس علاقے کو عبدالستار عیدی کی ضرورت ہے، آپ میں کوئی اتنا مرد نہیں جو ترغر والوں کے لیے ایم پی اے کا الیکشن لڑے، نواز شریف کی بیٹی نے لاہور کو چارچاند لگا دیے ہیں، پنجاب میں بدمعاشی ، قبضہ مافیا کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کتاب کو ووٹ اس لیے دیا کے ثواب ہو گا، کوئی ووٹ جنت میں نہیں لے کر جا سکتا صرف ماں باپ کی دعائیں لے کر جائیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ حلقےمیں الیکشن مہم کے دوران بڑا سٹیج لگا مختلف مذہبی الرہنماؤں کو سٹیج پر بٹھایا گیا، پنجاب کی بیٹی خیبر پختونخوا کی بہو ہے، اللہ نے آپ کو اتنی بڑی عزت دی، اِس کے باوجود حجروں میں راتوں کو پیسا دے کر ووٹ خریدے گئے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ تورغرمیں سکول،ہسپتال نہیں ہے، اِن لوگوں کا گریبان پکڑیں جوآپ کا ووٹ لیکر کرپشن کرتےہ یں، نوازشریف حکومت نے کراچی میں امن قائم کرکے دکھایا، خیبرپختونخوا سے آنے والے مریضوں کی پنجاب میں خدمت ہو رہی ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ہسپتال بنانے کے بجائےایک ہی نعرہ لگایا چلو،چلواسلام آباد پر حملہ کرو، آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے، مرکز اور صوبوں میں بھی حکومت بنائیں گے، تورغر والوں آئندہ غلطی نہ کرنا۔
اُن کا کہنا تھاکہ پٹھان غیرت مند ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی خان نہیں ہے، نام کا خان ہے، خان تو ولی خان اور باچا خان تھا، ایک بندے نے نعرہ لگا دیا کہ وہ خان ہے تو وہ خان نہیں ہے، جب کسی بندے کے نام کے ساتھ خان لگا ہو تو چیک کر لیا کریں اصل خان ہے یا چائنہ والا خان ہے۔