بونڈائی بیچ حملہ، آسٹریلوی مسلم تنظیموں سمیت مختلف ممالک کی شدید مذمت
سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی مسلم تنظیموں سمیت مختلف ممالک نے آسٹریلیا میں سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
آسٹریلوی نیشنل امامز کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم کمیونٹی حملے میں ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے، تشدد اور نفرت کی آسٹریلوی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں۔
امامز کونسل کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں، تمام آسٹریلوی شہری اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں، آسٹریلوی مسلم کمیونٹی ہر قسم کے تشدد کو مسترد کرتی ہے۔
امریکا نے بھی آسٹریلیا کے ساحل پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی، وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے ہماری دعائیں متاثرین، یہودی کمیونٹی اور آسٹریلوی عوام کے ساتھ ہیں، امریکی صدر نے واقعے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے حملہ آور کو روکنے والے شہری کو ہیرو قرار دیا۔
میئر نیویارک ظہران ممدانی نے بھی سڈنی حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور تقسیم کیخلاف عالمی سطح پر مؤثر اقدامات ضروری ہیں، حملہ آور کو پکڑنے والے مسلم شہری نے بہادری کا مظاہرہ کیا، آسٹریلوی ہیرو کی بہادری نے کئی جانیں بچائی ہیں۔
سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے سڈنی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فائرنگ کے واقعے پر خوفزدہ ہیں، یہودی تہوار پر جمع ہونے والوں پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔
یورپی یونین کی صدر کا کہنا تھا کہ واقعے میں متاثرین کے اہلخانہ اور پیاروں سے دلی تعزیت کرتے ہیں، یورپی یونین تشدد، یہود دشمنی اور نفرت کیخلاف متحد ہے، فرانسیسی صدر نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا عالمی برادری نفرت اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ کوششں کرے۔
ایران نے بھی سڈنی فائرنگ واقعہ کی مذمت کی، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردی اور انسانوں کا قتل عام جہاں بھی ہو مسترد کرتے ہیں۔
صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان نے بھی سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والی فائرنگ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔