سڈنی واقعے پر بھارت و افغانستان کا جھوٹا پروپیگنڈا، پاکستانی نوجوان کو حملہ آور قرار دیدیا
سڈنی: (دنیا نیوز) بھارتی اور افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے سڈنی واقعے پر جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کردیا۔
بھارتی اور افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے آسٹریلیا میں رہنے والے ایک پاکستانی نوجوان شیخ نوید کو حملہ آور قرار دے دیا۔
اپنی تصاویر استعمال کرنے پر شیخ نوید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک بیان میں کہا ہے کہ میرا دہشتگردی کے کسی واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، میری تصویر کو استعمال کرکے جھوٹ پھیلایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بے بنیاد پروپیگنڈے نے میری سلامتی اور ساکھ کو داؤ پر لگادیا۔ شیخ نوید نے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے کو روکا جائے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں دہشت گردی کے واقعے میں 12 افراد ہلاک اور دو پولیس اہل کاروں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
آسٹریلوی اور برطانوی میڈیا کے مطابق ایک حملہ آور کی شناخت نوید اکرم کے نام سے ہوئی ہے جو سڈنی کا رہائشی ہے۔
حملہ آور کو ایک مسلمان شخص احمد نے پہلے پکڑنے کی کوشش کی اور دبوچ کر گرادیا، اسلحہ چھیننے کی کوشش میں وہ زخمی بھی ہوگیا، واقعہ بونڈی کے ساحل پر یہودیوں کی مذہبی تقریب کے دوران پیش آیا۔