ہارون اختر خان سے چینی کمپنی کے وفد کی ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے چینی کمپنی فِنٹوپیا کے وفد نے ملاقات کی۔
فِنٹوپیا ایک عالمی فِن ٹیک گروپ ہے جو ڈیٹا اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کے ذریعےسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرتا ہے اور چین سے جنوب مشرقی ایشیا، لاطینی امریکا اور افریقہ تک اپنی خدمات میں توسیع کر رہا ہے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ایس ایم ایز کو مالی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایس ایم ایز کو مالی رسائی ملنے سے معیشت مستحکم اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ایس ایم ایز کو آسان قرضہ فراہمی ممکن ہو گی، فِنٹوپیا کی خدمات ایس ایم ایز کی ترقی اور معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گی، پاکستان کے نوجوان اور کسان جدید فِن ٹیک سروسز سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ فِنٹوپیا نے پاکستان میں اپنی خدمات کے قیام کے لیے حکومتی معاونت کی درخواست کی،اُنہوں نے سٹیٹ بینک، سمیڈا اور متعلقہ اداروں کو فِنٹوپیا کی سہولت کاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن سینٹر بھی چینی بھائیوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
معاون خصوصی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ہدایات ہیں کہ چینی سرمایہ کاری لائی جائے اور برادر ملک کو ہر ممکن سہولت دی جائے،دوسری جانب چینی وفد کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں آرٹیفیشل انٹلیجنس پر مبنی مالی خدمات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔