وزیراعظم نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو ملکی معیشت کیلئے اہم سنگ میل قرار دے دیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ "B-" سے بڑھا کر "B" کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحاتی اقدامات اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کی مسلسل کوششوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے معیشت کو استحکام دینے، ٹیکس نظام کو بہتر بنانے، مالی خسارے میں کمی لانے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے کے اقدامات درست سمت میں گامزن ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل مگر ضروری معاشی فیصلے کیے، جن کے مثبت نتائج اب عالمی سطح پر بھی تسلیم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پیش رفت سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔
انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، اقتصادی ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس کامیابی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے سفر کو پوری سنجیدگی اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور پائیدار اقتصادی بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments