گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال آٹھویں روز میں داخل، حکومت سے آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے
کراچی:(دنیا نیوز) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پرامن ہڑتال آٹھویں روز میں داخل ہوگئی ہے، تاہم حکومت سے مذاکرات کا راستہ کھل گیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سے آج گورنر ہاؤس کراچی میں اہم مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر، گورنر سندھ، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اور دیگر حکومتی نمائندے شرکت کریں گے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز گزشتہ آٹھ روز سے پرامن احتجاج اور ہڑتال پر ہیں، ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کی منظوری تک ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔
ملک شہزاد اعوان نے امید ظاہر کی کہ حکومتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے جلد مسائل کا حل نکال لیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ دوبارہ چلنا شروع ہوجائے گا، انہوں نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد خوشخبری ملنے کی امید ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز محض وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانی پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ مطالبات کی عملی منظوری چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments