حکومت کا ملکی پرائیویٹ ایکویٹی نظام مضبوط بنانے، طویل مدتی سرمایہ کاری کے فروغ کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی پالیسی فریم ورک کی تیاری کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ملکی پرائیویٹ ایکویٹی نظام کو مضبوط بنانے اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے، نجی شعبے کی قیادت میں پرائیویٹ ایکویٹی پالیسی فریم ورک تیار کیا جائے گا۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت کا کردار سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور واضح ریگولیٹری فریم ورک کی فراہمی تک محدود ہوگا، حکومت براہِ راست فنڈنگ نہیں کرے گی، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں طویل المدتی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل ٹیکس اور پالیسی رکاوٹوں کے خاتمے پر غور کیا گیا، پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے لیے مؤثر ٹیکس اور ریگولیٹری نظام تشکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

نجی سرمایہ کاری کے ذریعے ابھرتے ہوئے اور ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پرائیویٹ ایکویٹی کے ذریعے کاروباری توسیع، پیداواری صلاحیت اور مسابقت میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

انضمام، کاروباری تنظیمِ نو اور نجکاری کے عمل میں پرائیویٹ ایکویٹی کے کردار پر بھی غور کیا گیا، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے قابلِ عمل کاروباری منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کی واضح فہرست تیار کرنے پر زور دیا گیا۔

کمیٹی نے ٹیکسیشن، ریگولیٹری فریم ورک، کاروباری حکمتِ عملی اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے چار ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی پالیسی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پالیسی کا مقصد طویل المدتی سرمایہ کاری، نجی شعبے کی ترقی اور پائیدار و جامع معاشی نمو کو فروغ دینا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...