چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں: آئی سی سی وفد کا دورہ قذافی سٹیڈیم، سہولتوں کا جائزہ لیا

لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے 2 رکنی وفد نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تیاریوں کے حوالے سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔

آئی سی سی کا 2 رکنی وفد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے جہاں پر آج ایونٹ آپریشنز کی سینئر منیجر سارا ایڈگر اور منیجر عون زیدی پر مشتمل وفد نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے وفد کو مختلف امور پر بریفنگ بھی دی۔

وفد نے پی سی بی کے عہدیداروں کے ہمراہ سٹیڈیم کی مین بلڈنگ میں پویلین اور ہاسپیٹلٹی باکسز کا جائزہ لیا اور میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز کی سہولتوں اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا پریکٹس ایریا بھی دیکھا۔

وفد اب اسلام آباد جائے گا جہاں ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلے وفد کو جوائن کریں گے اور پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی کا دورہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاہور سے قبل وفد نے کراچی میں نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ بھی کیا تھا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں