بنگلادیش سے بدترین شکست: قومی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں تنزلی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں دونوں میچز ہارنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 24 اہم پوائنٹس گنوا دیئے اور رینکنگ میں تنزلی کا شکار ہو کر 8 ویں پوزیشن پر چلا گیا۔

پاکستان کے چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں، دوسری جانب بنگلا دیش نے سیریز میں غیر متوقع کامیابی کے ساتھ ہی چیمپئن شپ کی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔

چیمپئن شپ میں میچ جیتنے والے پوائنٹس کی اوسط کی بنیاد پر اس وقت بھارت رینکنگ میں سرفہرست اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ تیسرے، انگلینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، سری لنکا ساتویں اور ویسٹ انڈیز نویں اور آخری نمبر پر ہے۔

رینکنگ میں ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل لارڈز کے تاریخ میدان پر کھیلا جائے گا، پاکستان نے اب تک چیمپئن شپ میں 7 میچز میں سے محض 2 میں کامیابی پائی ہے جبکہ 5 مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 16 پوائنٹس حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوسط 19.05 ہے، پاکستان فائنل کی دوڑ سے الگ نہیں ہوا لیکن حتمی مراحل میں اس کی رسائی کے امکان غیر روشن ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں میچ جیتنے والی ٹیم 12 پوائنٹس حاصل کرتی ہے، میچ ٹائی ہونے پر دونوں ٹیمیں 6،6 جبکہ میچ ڈرا ہونے پر 4،4 پوائنٹس حاصل کرتی ہیں، پاکستان سلو اوور ریٹ کے سبب 8 پوائنٹس گنوا چکا ہے، ہر سلو اوور پر ایک پوائنٹ نفی ہوتا ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا فاتح جنوبی افریقہ رہا جبکہ بھارت اور آسٹریلیا 2،2 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں، پاکستان، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز ایک ایک مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن بنا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں