ملتان ٹیسٹ: قومی بیٹنگ لائن پھر مشکلات کا شکار، دوسری اننگز میں 4 کھلاڑی آؤٹ

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا مگر اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق ایک بار پھر ناکامی کی تصویر بن گئے اور محض 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم بعدازاں کپتان شان مسعود بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 11رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تیسرا روز

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی ادھوری پہلی اننگز کا آغاز 239 رنز 6 وکٹوں کے نقصان سے کیا۔

248 رنز پر ساجد خان نے برائیڈن کارس کو 4 رنز پر پویلین لوٹا دیا اور اننگز میں اپنا پانچواں شکار کیا جبکہ اگلے آنے والے کھلاڑی میتھیو پوٹس کو بھی ساجد خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 6 رنز سکور کیے۔

جیمی سمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئیں۔

دوسرا روز
دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 366 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور اوپنرز نے 12 اوورز میں 73 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 13 ویں اوور میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی، انگلش اوپنر زیک کراؤلی 27 رنز بنا کر نعمان علی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

انگلش بلے باز بین ڈکٹ نے 114 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ساجد خان کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان اولی پوپ نے 29، جو روٹ نے 34، ہیری بروک نے 9 اور بین سٹوک نے ایک رن سکور کیا۔

پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 اور نعمان علی نے 2 انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں ملتان میں کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی ادھوری پہلی اننگز کا آغاز 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز پر کیا تو محض 5 رنز کے اضافے پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ بعدازاں آغا سلمان بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ رک سکے اور 31 رنز بنا پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کو آٹھواں نقصان ساجد خان کی شکل میں اٹھانا پڑا، آف سپنر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بعدازاں عامر جمال اور نعمان علی نے 9 ویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم عامر جمال 37 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے مگر ان کے بعد نعمان علی بھی کریز نہ سنبھال سکے اور 32 رنز بنا کر جیک لیچ کا شکار بن کر پویلین چلتے بنے اور یوں پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں 366 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے 2 جبکہ شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلا روز
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔

اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر ناکامی کی تصویر بنے نظر آئے اور محض 7 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ کپتان شان مسعود بھی لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں جیک لیچ نے حاصل کیں۔

2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد صائم ایوب نے کامران غلام کیساتھ مل کر ٹیم کی پوزیشن بہتر کی اور دفاعی انداز میں کھیلتے ہوئے 77 رنز بنائے تاہم بعدازاں وہ میتھیو پوٹس کی گیند پر بین سٹوکس کو کیچ تھما بیٹھے۔

نئے آنے والے بلے باز سعود شکیل بھی وکٹ پر کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور محض 4 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والے کامران غلام 118 رنز بنا کر شعیب بشیر کا شکار بنے۔

پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے تھے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 2 جبکہ شعیب بشیر، میتھیو پوٹس اور برائیڈن کارس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ مہمان ٹیم کیخلاف جلد بڑا سکور کھڑا کرکے انہیں انڈر پریشر لائیں۔

اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دوسرا ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان کا سکواڈ
قومی سکواڈ میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، کامران غلام، نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان شامل ہیں۔

انگلیںڈ کا سکواڈ
کپتان بین سٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی سمیتھ، برائیڈن کارس، میتھیو پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر انگلش ٹیم کا حصہ ہیں۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں