کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جاں بحق، مبینہ مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں جرائم کی لہر میں کمی نہ آ سکی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق، مبینہ مقابلوں کے دوران 3 ملزم ہلاک جبکہ 2 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر ملینیم مال کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک شہری کی جان لے لی، مقتول کی شناخت سید زہبر کے نام سے ہوئی، پولیس نے لاش تحویل میں لے لی اور ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔

شہری پر فائرنگ کر کے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو لوگوں نے گھیر کر قابو کر لیا، ملزم کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کی لاش تحویل میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: گھوٹکی میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 4 فرار

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں ملینیم مال کے قریب ڈاکو کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او شارع فیصل کو فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا اور ایس ایس پی ایسٹ سے ریکارڈ طلب کر لیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے، ایک کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے، ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ادھر نارتھ ناظم آباد میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا، یاد رہے رواں برس کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق شہریوں کی تعداد 49 ہو گئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں