کراچی: امریکا پلٹ خاتون لٹ گئی، 5 ملزم گرفتار، فائرنگ سے اہلکار اور شہری زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈکیتیوں کی وارداتیں جاری ہیں، امریکا سے واپس آئی خاتون کو لوٹ لیا گیا جبکہ پولیس نے کارروائیاں کر کے 5 ملزموں کو حراست میں لے لیا، فائرنگ سے شہری اور اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں نامعلوم مسلح افراد نے شہری کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا، واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک جی میں امریکا میں بیٹی کو مل کر واپس آنے والی خاتون کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، ملزمان خاتون سے چار ہزار امریکی ڈالر، قیمتی موبائل، طلائی زیورات اور دستاویزات چھین کر فرار ہو گئے۔

متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ حیدری پولیس سٹیشن میں درج ہوا ہے، ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا ہے کہ خاتون بیٹی سے ملاقات کے بعد امریکا سے رات گئے کراچی پہنچی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق دو گاڑیوں میں سوار ملزمان نے ائیر پورٹ سے پیچھا کیا اور حیدری کے قریب وارادت کی، اسلحہ سے لیس ملزمان نے گاڑی کی مکمل تلاشی لی اور دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

ادھر کراچی کے علاقے شیرشاہ میں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے اکبر روڈ پر ڈکیتی کی واردات ناکام بناتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم راہگیر کو لوٹ رہا تھا، قبضہ سے غیر قانونی پستول برآمد کر لیا، ملزم اس سے قبل بھی کئی بار گرفتار ہو چکا ہے۔

کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ جیل چوک میں پولیس نے خفیہ معلومات پر کارروائی کر کے سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا، ملزمان سے 2 عدد پسٹلز بمعہ ایمونیشن برآمد ہوئے، ملزموں کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم اپنے 3 سالہ بچے کو موٹر سائیکل پر ساتھ بٹھا کر وارداتیں کرتا تھا، شناخت وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران گولیاں لگنے سے ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا جبکہ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے، گرفتار ملزم کی شناخت باقر علی پنہور کے نام سے ہوئی۔

حیدرآباد پولیس کا کہنا ہے موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے گرفتاری کے خوف سے پولیس پر فائرنگ کر دی، گولی لگنے سے پولیس اہلکار محمد علی زخمی ہوا جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، گرفتار ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں