مردان: پولیس چوکی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

مردان: (دنیا نیوز) مردان میں پولیس چوکی پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہر مردان کی تحصیل تخت بھائی آثار قدیمہ میں پولیس چوکی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار عمر نبی شہید ہوگیا جبکہ 2 اہلکار کانسٹیبل محمد فیاض اور کانسٹیبل شبیر شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق شہید کانسٹیبل عمر نبی کا تعلق علاقہ کوند خوڑ سے ہے، نعش اور زخمی اہلکاروں کو مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

حملے کی مذمت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مردان کے علاقے تخت بھائی میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عمر نبی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل عمر نبی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی ہونے والے 2 کانسٹیبلز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید کانسٹیبل عمر نبی نے فرائض کی ادائیگی میں شہادت کا اعلیٰ مرتبہ پایا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت عمر نبی کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے جرات کا مظاہرہ کر کے بہادری کی تاریخ لکھی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں