شہر قائد میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد، سابق منگیتر قاتل نکلا
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقہ سرجانی ٹاون سیکٹر اکیاون سی میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے خاتون کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا، خاتون کی شناخت اٹھارہ سالہ کومل کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ رہائش پذیر تھی، خاتون کی کچھ عرصے قبل شادی ہوئی تھی، خاتون کے سر پر وزنی چیز لگنے سے موت واقع ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو اسکے سابق منگیتر راشد نے سر پر آہنی راڈ کے وار سے قتل کیا، کومل نے راشد کی غیر موجودگی میں کسی اور سے شادی کرلی تھی، مقتولہ کومل نے شوہر سے بھی خلع کیلئے عدالت میں کیس کیا ہوا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولہ تین روز سے ملزم راشد کے ساتھ رہ رہی تھی، ملزم واقعے کے بعد فرار ہوگیا جس کو پکڑنے کیلئے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔