سندھ رینجرز نے لالو گروہ کے سرغنہ سمیت 4 کارندے گرفتار کر لئے

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات پر بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’’لالو گروہ‘‘ کے 4 کارندے گرفتار کر لئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان میں لعل محمد عرف لالو (گروہ کا سرغنہ) ، محمد شفیق ، اجمل کاکڑ اور ثناء اللہ ولد محبت خان شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان سے ایک 9 ایم ایم پستول (بغیر لائسنس)، 2 میگزین بمعہ ایمونیشن اور 2 موبائل فونز برآمد کئے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان اورنگی ٹاون، بلدیہ ٹاوٴن، گلشن غازی اور سعید آباد میں ڈکیتی، سٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں کو اب تک 2 سے 3 موٹرسائیکل، 40 سے 50 موبائل فونز اور تقریباً 10 لاکھ روپے سے محروم کر چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان نے بلدیہ ٹاوٴن میں ہوٹل پر ڈکیتی کی واردات کی تھی جسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور کراچی کے کئی تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز بھی درج ہیں، ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں