شہر قائد میں کلینک میں فائرنگ، مزاحمت پر ایک شخص قتل

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے پاک کالونی میں کلینک میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد علی کے نام سے ہوئی، پولیس کا کہنا ہے موٹر سائیکل سوارافراد کلینک میں موجود محمد علی کو اپنے ساتھ لے جانے لگے تو مزاحمت پر گولیاں مار دیں، لاش کلینک میں پھینکنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مکہ مسجد کے قریب واقع نجی کلینک پر موٹر سائیکل سوار دو افراد آئے، کلینک میں موجود ناصر نامی شخص سے پہلے ڈاکٹر کا معلوم کیا، کلینک میں دو خواتین بھی موجود تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار افراد کلینک میں موجود مقتول محمد علی کو اپنے ہمراہ لے جانے لگے، مقتول محمد علی نے مزاحمت کی تو اس کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ بظاہر واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لئے گئے، عینی شاہدین کے بینات قلم بند کر لئے گئے، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں