سندھ ہائیکورٹ کا سپرہائی وے ایم نائن کے دونوں اطراف تجاوزات کیخلاف کارروائی کا حکم

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سپرہائی وے ایم نائن کے دونوں اطراف تجاوزات اور ریتی بجری کے ٹرکوں کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کا حکم دیدیا۔

ہائیکورٹ میں سپرہائی وے ایم نائن کے دونوں اطراف تجاوزات اور ریتی بجری کے ٹرکوں کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی، کمشنر رپورٹ نے جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔ ناظر سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی گئی۔ کمشنر کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سروس روڈ بڑے پیمانے پر ریتی بجری بھری پڑی ہے۔ سروس روڈز کے دونوں اطراف ڈمپرز اور ٹرک کھڑے ہوئے ہیں۔

سیپا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ گرین بیلٹ پر سرگرمیاں سیپا قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ ریتی بجری کی وجہ سے علاقے میں ہوا آلودہ ہو رہی ہے۔ کھلے طریقے سے ریتی بجری رکھنے سے ماحول مزید آلودہ ہورہا ہے۔ کھلے ماحول میں ریتی بجری رکھنے سے پھیپھڑوں سمیت متعدد بیماریوں کا باعث بن رہی ہے۔ ریتی بجری اس طرح رکھنا وہاں مکینوں کے لئے خطرناک ہے۔

عدالت نے سیپا کی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے ناظر رپورٹ پر جواب کی مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو تجاوزات کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر رکھی گئی ریتی بجری اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ عدالت نے ڈیڑھ ماہ میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سپر ہائی وے کے دونوں اطراف تجاوزات کیخلاف عبدالستار و دیگر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں