اپنے وسائل سے سیلاب کا نقصان پورا نہیں کر سکتے، دنیا مدد کیلئے آگے آئے: وزیراعظم
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی اپنے وسائل سے سیلاب کا نقصان پورا نہیں کر سکتے، سیلابی صورتحال پر دنیا کو پاکستان کی مدد کیلئے آگےآنا ہو گا، مشکل گھڑی میں امداد کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے آن لائن اجلاس کی صدارت کی انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اکیلے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے سے قاصر ہے، پوری دنیا کو ساتھ کھڑا ہوناہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج ان کی ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے، انہیں سیلاب کی تباہ کاری سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا اور انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا ہے کہ صدر ورلڈ بینک کو کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام پر بھرپور عملدرآمد کرے گا، انہیں بتایا کہ اکیلے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے سے قاصر ہیں، پوری دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوناہوگا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیناڈول اور پیرا سیٹامول مناسب قیمت پر پہنچانے کے لئے تیار کنندگان کو اعانت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اسہال میں مبتلا خوراک سے محروم لاکھوں بچوں کو خوراک فراہم کرنے کے لئے عالمی بینک کے صدر اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے مفید ملاقاتیں ہوئی ہیں، انہوں نے عالمی برادری، بین الاقوامی تنظیموں، عالمی بینک، آئی ایم ایف اوردوسرے دوست ممالک پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور سیلاب متاثرین کو زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کرنے کے لئے تعاون کریں۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیموں اورادویات کی تقسیم کا جائزہ لیا، انہوں نے متعلقہ حکام کو سیلاب زدہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر اشیائے خوردونوش خصوصاً شیرخواربچوں کے لئے ضروری خوراک کی تقسیم کے لئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کی۔