عمران خان اگر مگر چھوڑیں، اسمبلیاں توڑیں، بدترین شکست دیں گے: رانا ثنا کا چیلنج
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے الیکشن کی بھرپور تیاری کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان اگر مگر چھوڑیں اور اسمبلیاں توڑیں، ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں، پنجاب میں بدترین شکست دیں گے، عام انتخابات اگلے سال اکتوبر میں ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم پرجھوٹے الزامات لگائے، ڈیلی میل نے تسلیم کیا کہ ہم سےغلطی ہوئی، یہ شہبازشریف نہیں بلکہ ملک کیخلاف سازش تھی، ڈیلی میل کے نمائندے کو پاکستان بلایا گیا، عمران خان نے خود کہا کہ برطانوی ادارے میرٹ پر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر پاکستان کےعوام سے معافی مانگیں، ڈیلی میل سے یہ غلطی کس نے کرائی؟ ڈیل میل کے نمائندے کو جیلوں میں لوگوں سے ملوایا گیا، یہ سارا ان فراڈیوں کا ڈرامہ تھا، شہزاد اکبرغلط گفتگو کرتے تھے، اب پتہ نہیں کہاں چھپے ہوئے ہیں، عمران خان اورشہزاد اکبر شریف فیملی سے نہیں بلکہ پوری قوم سے معافی مانگیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نہ ہم نے معاہدہ کیا، نہ اکانومی کا یہ حال ہم نے کیا، اسحاق ڈار اکانومی میں بہتری کے لئے کوشش کر رہے ہیں، عمران خان نے ملک کو ڈبویا ہے معاشی طور پر تباہ کیا ہے، جنرل الیکشن اکتوبر میں ہی ہوں گے، اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی ٹوٹتی ہے تو الیکشن 90 روز میں ہی ہوگا، ہم اسمبلی تڑوانے کے حق میں نہیں، مگر ہم چیلنج کو قبول کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے میاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں آج سے شروع کردی ہیں، ہر یونین کونسل کے لوگ نوازشریف کے استقبال کے لئے پہنچیں گے، آپ سمجھ بیٹھے ہیں کہ میری مقبولیت زیادہ ہے میں ہی الیکشن جیتوں گا، آپ نے پوری قوم کو دھمکی دی، کہا آ رہا ہوں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں اگر مگر کو چھوڑیں اسمبلی توڑیں۔
پی ٹی آئی کے لوگ کسی ایماندار شخص کو چیئرمین بنائیں: رانا ثناء اللہ
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ چور، جھوٹے کو لیڈر شپ کے عہدے سے ہٹائیں اور کسی نیک ایمان دار کو چیئرمین بنائیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران فراڈیا، جھوٹی خبریں شہبازشریف کے خلاف شائع کراتا رہا اور خود گھڑیاں چوری کرتا رہا، ڈیلی میل کی معافی اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے” ڈیلی میل “کے ذریعے شہبازشریف کو” بلیک میل“ کرنے کی کوشش کی، جو کہتا تھا کہ ہم کیس دیکھتے ہیں، فیس نہیں، ڈیلی میل کی معافی کے بعد وہ کسی کو اپنا ”فیس“ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان جھوٹا ہے، ایک جھوٹا، چور اور بے ایمان لیڈر نہیں ہوسکتا، آئین کے تحت جھوٹا، چور، خائن لیڈر نہیں بن سکتا، پی ٹی آئی کے لوگ چور، جھوٹے کو لیڈر شپ کے عہدے سے ہٹائیں اور کسی نیک ایمان دار کو چیئرمین بنائیں۔