بلوچستان میں بارش کے بعد موسم سرد، کراچی میں ابر کرم کی پیشگوئی

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بارش کے بعد صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد ہوگیا، گوادر میں 16، پنجگور میں 7، کوئٹہ اور گردونواح میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں کوئٹہ، ژوب، قلات، خضدار، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور سبی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، نصیر آباد، دالبندین، بارکھان اور نوکنڈی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ 24 گھنٹے میں پنجاب کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

کوئٹہ میں درجہ حرارت 22، قلات میں 19، سبی اور تربت میں 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نوکنڈی، گوادر اور جیونی میں درجہ حرارت 28 سینٹی گریڈ رہا، کوئٹہ کی ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی آج شام اور رات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش متوقع ہے، ٹھٹھہ، تھرپارکر، بدین اور سندھ کے بالائی اضلاع میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں