اسلام آباد ہائیکورٹ: پولیس کو مراد سعید کی گرفتاری سے روک دیاگیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمات کی تفصیلات آنے تک سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی گرفتاری سے پولیس کو روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی ۔
درخواست گزار کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت میں درخواستگزار کے وکیل نے استدعا کی کہ میرے موکل کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں میں جاری انکوائری اور تفتیش کی تفصیلات فراہم کی جائیں جبکہ درخواست پر فیصلہ آنے تک مراد سعید کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ آئندہ سماعت تک مراد سعید کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ فریقین کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں، مناسب احکامات جاری کریں گے۔
عدالت نے پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک مراد سعید پر درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں ۔