مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی کا ڈرائیور اوور سپیڈنگ کا عادی نکلا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں موت کی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی کے ڈرائیور کے تیز رفتاری پر13 چالان ہوئے ہیں اور وہ اوور سپیڈنگ کا عادی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی کا ڈرائیور اوور سپیڈنگ کا عادی نکلا اور گاڑی کو ٹکر مارنے والی مذکورہ گاڑی کے ڈرائیور کے اوور سپیڈنگ پر 13 چالان ہوچکے ہیں۔

پولیس کے مطابق، ڈرائیور کے ذمہ ہائی لیکس ریوو گاڑی کا 2600 روپے جرمانہ اس وقت بھی بقایا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کا نمبر نا دہندگان کی فہرست میں شامل ہے، اگلے مرحلے میں گاڑی کو تھانے میں بند کرنا تھا۔

مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی سے متعلق تفصیلات تفتیشی افسران کو بھیج دی گئی ہیں، تفتیشی افسران اس پہلو پر تحقیقات میں مد نظررکھیں گے۔

واضح رہے کہ 15 اپریل کو اسلام آباد میں خطرناک ٹریفک حادثے میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور جاں بحق ہوگئے تھے، مفتی عبدالشکور اسلام آباد میں نجی ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار ویگو گاڑی نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں