متحدہ عرب امارات کا اسرائیل اور فلسطین سے جنگ بندی کا مطالبہ
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل اور فلسطین میں جاری کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے دونوں فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین مزید کشیدگی بڑھانے سے باز رہیں اور شہریوں کی حفاظت کا خیال رکھیں۔
اماراتی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ صورت حال کے سنگین نتائج سے بچنے کیلئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالیہ کشیدگی میں صیہونی فوجیوں سمیت کم ازکم 40 اسرائیلی ہلاک، سیکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنائے جا چکے ہیں، اسرائیل کے جوابی حملوں میں 198 فلسطینی شہید جبکہ 1610 زخمی ہوئے ہیں۔