قلات میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد جہنم واصل

قلات: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع قلات کے ناگاؤ پہاڑوں میں انٹیلی جنس آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد موقع پر مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا، مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے، دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سرچ آپریشن جاری رہے گا، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں