سپیکر قومی اسمبلی سے پرتگال کے سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پنہیرو دا سلوا نے ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا گیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان پرتگال سے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، انہوں نے دونوں ممالک میں پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے درمیان روابط سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، انہوں نے اپنے پرتگالی ہم منصب کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی، سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کے لئے سودمند ہے، موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، پرتگالی بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے پائے جانے والے وافر مواقعوں سے مستفید ہو سکتی ہے۔

پرتگالی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، پرتگال پاکستان سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پرتگالی سفیر نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے سپیکر کی پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینے کی تجاویز سے اتفاق کیا۔

مینوئل فریڈریکو پنہیرو دا سلوا نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں