کراچی : نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم

کراچی :(دنیا نیوز)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ رجسٹری میں سماعت کے دوران متاثرین کے وکیل ایڈووکیٹ شہاب سرکی نے بتایا کہ بلڈر عبدالقادر کا ٹیلا کا انتقال ہوچکا ہے ، تاحال معاوضہ نہیں ملا، عدالت نے 44 متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کا حکم دیا تھا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ کمشنر نے زمین تحویل میں لے کر کارروائی مکمل کرکے رپورٹ جمع کرادی تھی، متاثرین کے وکیل نے کہا کہ نسلہ ٹاور سے ملحقہ 240 گز کا پلاٹ بھی فروخت کرکے متاثرین کو رقم دی جاۓ۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے سندھی مسلم سوسائٹی سے نسلہ ٹاور کے مرحوم بلڈر کے ورثا کی تفصیلات بھی طلب کرلی۔

عدالت نے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو سے متعلق رپورٹ اور نسلہ ٹاور سے ملحقہ پلاٹ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی مانگ لی جبکہ نسلہ ٹاور کی زمین کی فروخت کا اشتہار شائع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سندھی مسلم کو آپریٹیو سوسائٹی کو نوٹس جاری کردیئے۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ نیلامی میں آنے والی بولی کی بھی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے، مزید کہا کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین ملکیت کے دستاویزی شواہد کے ساتھ آفیشل سوسائٹی سے رابطہ کریں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 16 جون 2021 کو کراچی کے اہم ترین مقام شاہراہ فیصل پر قائم نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دیا تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں