وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزدورں کے 400بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھیجنے کا اعلان

کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدور پیشہ افراد کے چار سو بچوں کو ملک کے اعلٰی اقامتی تعلیمی اداروں میں بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

محکمہ محنت و افرادی قوت ، لیبر ویلفیئر فنڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لیبر ویلفیئر فنڈ کے تحت اب مزدوروں کے بچے بھی پاکستان کے اعلٰی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرسکیں گے ، مزدوروں کے بچوں کے تمام تر تعلیمی اور اقامتی اخراجات لیبر ویلفیئر فنڈ کے تحت اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کا باصلاحیت بچہ مزدور نہیں افسر ، ڈاکٹر، انجنیئر اور کامیاب انسان ہوگا، مزدو کا بچہ وہیں پڑھے گا جہاں ایک صاحب حیثیت شخص کا بچہ پڑھتا ہے، غریب ہمیشہ غریب رہے یہ اس کی قسمت کا نہیں معاشرتی ناہمواری کا معاملہ ہے۔

میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال مزدوروں کے 400 بچے پاکستان کے اعلٰی تعلیمی اداروں میں پڑھیں گے، آئندہ سال سے مزدوروں کے ایک ہزار بچے پاکستان کے اعلٰی تعلیمی اداروں میں بھیجیں گے، بلوچستان پر ایک مزدور کے بچے کا اتنا ہی حق ہے جتنا ایک صاحب حیثیت فرد کے بچے کا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں