کامران ٹیسوری نے گورنر روزگار سکیم کا اعلان کر دیا

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر روزگار سکیم کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ جن کے پاس اپنا گھر نہیں وہ بھی ہمیں اپنی درخواست دے سکتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہم گورنر روزگار سکیم کے کراچی میں بینرز بھی لگانے جا رہے ہیں، تمام صورتحال دیکھ کر بزنس مینوں سے میٹنگز کیں، طلبہ کو خودکفیل کرنے کیلئے جدید کورسز کا انعقاد کیا ہے، طلبہ کیلئے وسائل فراہم کر رہے ہیں، سب ہی لوگ مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کام ایک ایسی چیز ہے جس میں کوئی شرم نہیں، آپ نوکری کرنے والے نہیں، نوکری دینے والے بنیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں بچے کہتے تھے کہ وسائل نہیں ہیں، سفارش نہیں، گارنٹی نہیں، کرائے کے گھر پر رہنے والے بچے مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے پریشان تھے۔

انہوں نے کہا کہ تین مہینوں سے کام چل رہا تھا بزنس مینوں نے اپنا اپنا حصہ دیا ہے اور کہا کہ آپ پر یقین ہے جو بھی کام کروائیں گے وہ بہتر ہوگا سب کو دعوت دے رہا ہوں کہ ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کا پروپوزل بنائیں ہر ہفتے ان پروپوزل پر ان کو بلایا جائے گا یہ کیش یا چیک دیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس رقم پر سود نہیں ہوگا اور اس رقم سے جو منافع ہوگا اس منافع سے وہ کسی اور کی مدد کرے گا، اوورسیز بزنس مین نے بھی اس منصوبے میں رقم دیں گے، بہت سارے لوگ شامل ہوں گے، زیادہ لوگوں کو رقم دیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ رقم دینے کیلئے مکمل جانچ پڑتال کریں گے، میں اپنی فیملی کی طرف سے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں، جو بھی پروپوزل لاکر دے گا اس کو ایک ہفتے کے اندر رقم دیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں