سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب

کوئٹہ، حیدر آباد: (دنیا نیوز) سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش نے رنگ جمادیا، ابر رحمت سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے جبکہ موسم خوشگوار ہو گیا۔

سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں رات گئے بارش ہوئی، بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا۔

سندھ
حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، بھٹ شاہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا لیکن ساتھ ہی نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

حیدرآباد میں تیز بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ 130 فیڈر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے لطیف آباد کا بڑا حصہ بھی تاریکی میں ڈوب گیا، حیسکو کے فیڈر بند ہونے کے باعث شہر سے نکاس آب کا عمل متاثر ہوگیا۔

اس کے علاہ ضلع مٹیاری میں بھی رات گئے طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بارش کے باعث مٹیاری میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے۔

ٹنڈو آدم ، شہدا دپور، سانگھڑ سمیت گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور بجلی معطل ہوگئی جبکہ سانگھڑ میں بارش کے باعث موٹرسائیکل حادثے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے سے ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر قائد میں ملیر، بن قاسم، میمن گوٹھ، لیاقت آباد، گرومندر، گلبہار، ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔

بلوچستان
بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، ہرنائی، لورالائی، نصیر آباد میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، شیرانی میں قومی شاہراہ کا 70 کلو میٹر حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا۔

بلوچستان میں کوہ سلیمان پر بارش، اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، دانا سر میں تیز بارش کے بعد دو مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، این 50 قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

اسلام آباد سے کوئٹہ جانےوالے مسافر بسیں داناسر میں پھنس گئیں، شیرانی کی حدود میں خیبرپختونخوا جانے والی مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں کا لینڈ سلائیڈنگ کے زد میں آنے کا خدشہ ہے۔

پنجاب

دوسری جانب اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بادل برسنے کی پیش گوئی جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 21 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

موسلا دھار بارش سے کے پی، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں