نیب ترمیمی آرڈیننس 2024 کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل سمیت دیگر کو نوٹس

‏اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس 2024 کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب ترمیمی آرڈیننس 2024ء کے خلاف دائر درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس عامر فاروق نے پٹیشن پر اعتراضات دور کر دیئے۔

درخواست گزار ‏شہری ملک ناجی اللہ کی جانب سے وکیل محمد اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ‏نئے ترمیمی آرڈیننس میں ریمانڈ کا دورانیہ 14 سے بڑھا کر 40 دن کردیا گیا ہے اور بدنیتی پر مقدمہ بنانے والے افسر کی سزا 5 سے کم کر کے 2 سال کر دی گئی ہے، ‏پی ڈی ایم نیب قوانین میں 3 بار ترامیم کر چکی ہے، ‏اب یہ نیا ترمیمی آرڈیننس آگیا ہے جسے پارلیمنٹ میں بھی پیش نہیں کیا گیا۔

وکیل نے اپنے دلائل میں مزید بتایا کہ ‏14 دن سے زائد ریمانڈ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ‏بدنیتی پر مبنی جھوٹا مقدمہ بنانے والے افسر کی سزا صرف 2 سال کیوں؟ ‏نیب ریفرنسز کے ملزمان 14، 14 سال سزائیں بھگتتے ہیں، ‏یہ ایک ظالمانہ قانون ہے، ترمیمی آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لینا چاہیے، ‏یہ آرڈیننس بھی پارلیمنٹ لے جائے بغیر پاس کیا گیا، یہ قانونی کی منشا کے خلاف ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ‏اہم سوال یہ ہے کہ کیا قائم مقام صدر آرڈیننس پاس کرسکتا ہے یا نہیں؟

عدالت نے صدارتی آرڈیننسز سے متعلق سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کو دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے اور جواب طلب کرلیا۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک کے لئے ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں